ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل:قائدِ قوم ڈاکٹر سید خلیل الرحمن کی خدمات کے اعتراف میں شمس الومنی  کا  ھدیہ ٔ تہنیت

بھٹکل:قائدِ قوم ڈاکٹر سید خلیل الرحمن کی خدمات کے اعتراف میں شمس الومنی  کا  ھدیہ ٔ تہنیت

Wed, 28 Dec 2016 21:36:29    S.O. News Service

بھٹکل:28/ڈسمبر(ایس او نیوز)تربیت ایجوکیشن سوسائٹی بھٹکل کے زیر اہتمام منعقدہ  شمس اسکول اور ہائی اسکول کے سالانہ جلسے میں شمس الومنی (ابنائے شمس)کی طرف سےتعلیمی ، سماجی  سمیت مختلف میدانوں میں   اپنی خداداد صلاحیتوں اور مسیحائی کے ذریعے ہر ایک کے  دل کی دھڑکن بنے قائد قوم ڈاکٹر سید خلیل الرحمن کی شال پوشی کے ذریعے تہنیت کرتے ہوئے سپاس نامہ پیش کیا گیا۔  شمس الومنی کے معاون کنونیر مصعب آبیدہ نے سپاس نامہ کی خواندگی  کی۔ جلسے میں پیش کئے گئے سپاس نامہ کی نقل یہاں شائع کی جارہی ہے۔

بسم اللہ الرحمن الرحیم

شمس الومنی ، تربیت ِ اخوان ایجوکیشن سوسائٹی بھٹکل

سپاس نامہ بخدمت قائد قوم ڈاکٹرایس ایم  سید خلیل الرحمن، سی اے

 برتر و اعلیٰ ،خالقِ کائنات  اللہ تعالیٰ کی ذات پاک ہے، وہی توصیف و تعریف کے لائق ہے ،درود و سلام ہو خاتم النبین حضرت محمدﷺ پر ۔ 

جس ہیرے نے  ، جگر پارے نے اپنی کوہ کنی کے ذریعے قوم وملت کے ہرشعبہ اور ہرسطح کو درخشاں کیا ،  اپنے خون پسینہ سے کمائی ہوئی حلال دولت کو قوم و ملک وملت پر نچھاور کیا ، ستائش اور صلہ کی پروا   نہ کرتےہوئے خدمتِ  خلق میں اپنی  زندگی لگادینے والےایک مدبر، ایک مفکر ،مخلص، محسن ، کرما فرما ،قائد قوم ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن کی خدمت میں شمس الومنی بھٹکل  اپنا پہلا سپاس نامہ پیش کر نے کی سعادت حاصل کررہی ہے۔

سید خلیل الرحمن نے  اب تک کتنے ہی  سپاس ناموں  ، تہنیت ناموں اور ایوارڈ و القاب کو  اپنے نام سے وقار بخشا ہے، یہ وہی سید خلیل الرحمن ہیں جنہو ں نے   تنگ دامانیوں ، پگڈنڈیوں سے نکل کرقوم وملت کو ایک وسیع و عریض میدان بخشا ہے۔تنظیم ہو کہ  خلیج کونسل کا قیام ، انجمن ہو کہ شمس، جامعہ ہو کہ جامعۃ الصالحات، کہاں کہاں ا س کے نقش ِ پا نہیں ہیں۔ نہ صرف بھٹکل بلکہ بحرہ عرب کی وسعتوں کے مساوی پورے ملک میں قوم وملت کے اداروں  خاص کر تعلیمی و سماجی خدمت کے اداروں کے لئے اپنا دل کھول کر رکھاہے ، یہ ایک ایسا کنواں ہے، جہاں سے آج تک کوئی پیاسا نہیں لوٹا ، ہر ایک نے اس سے سیرابی حاصل کی ہے۔ زلزلہ ہوکہ طوفان،سیلاب ہوکہ طغیانی ، غریبوں کی مددہو یا محتاجوں و مسکینوں کی سرپرستی  ،ناداروں کی خبرگیری ہوکہ  لاچاروں کی اعانت، نوجوانوں کی رہنمائی و حوصلہ افزائی ہوکہ انہیں تعلیمی میدان میں ترغیب و ترہیب ، ہر جگہ ہرایک کی زبان پر صرف ایک ہی نام آتاہے  خلیل بھاؤ، خلیل بھاؤ ۔

یہ ایک عظیم خاموش مجاہد ہے جس نے قوم و ملت، خاص کر بھٹکل کی ملت پر  چھائے ہوئے گھنے سیاہ بادلوں کی دھند کوچھانٹ کر نئی  روشنی بخشنے میں ، سموم  کی ہواؤں کو بادِ صبا کے شگفتہ ، مدبرانہ ، حکیمانہ جھونکوں سے تازگی بخشنے میں  جومثالی کردار اداکیا ہے ،وہ بھٹکل کی تاریخ میں سنہرے الفاظ سے رقم کرنے کے لائق ہے۔ جس کےنام سے  چراغ روشن ہوتے ہوں اس کی شان میں مزید کچھ کہنے کے بجائے بس اتنا  کہنا ہے کہ آج  شمس الومنی کا   سید خلیل الرحمن سے منسوب یہ سپاس نامہ نگینہ کی طرح قوم وملت کو آپ کے مخلص کارناموں سے روشن کرتارہے گا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہر لحاظ سے اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آپ کو ایمان اور صحت کی سلامتی کے ساتھ عمرِ خضر عطا فرمائے۔آمین ثم آمین۔ادارہ تربیت ِ اخوان ، شمس الومنی آپ کی خیرو عافیت اور صحت کی سلامتی کے لیے ہمیشہ  دعا گو ہے۔

یہ چاند کیا ہے سورج بھی تم پہ ڈھلتاہے                                  تمہارے سامنے کس کاچراغ جلتاہے

                                                                                     آپ کے مخلص خیرخواہان

۲۸ ربیع الاول۱۴۳۸ھ۔                                             (صدر، سکریٹری ، عہدیداران، ممبران شمس الومنی بھٹکل)

بمطابق 28ڈسمبر 2016


Share: